Come and join us to serve Nation, Humanity and change yourselves. پاکستان زندہ باد

Tuesday, 4 June 2019

الوداع الوداع ماہِ رمضان



رحمتوں اور برکتوں والا مہمان مہینہ، ہم سے جدا ہونے کو ہے،  وقت رخصت قریب آن پہنچا ہے، خوشی اور غم کی عجیب سی ملی جلی کیفیت ہے، جس طرح بیٹی کی رخصتی پر والدین فرض کی ادائیگی پر خوش ہوتے ہیں مگر ساتھ ساتھ بیٹی کو جدا کرنے کا غم بھی ہوتا ہے ، بس کچھ ایسی ہی صورتحال ہے، خوشی اس بات کی ہے کہ فرض ادا ہوا، غم اس بات کا ہے کہ ماہ رمضان مکمل ہو چکا اور اب اس مہینے کی برکات حاصل کرنے کے لیے مزید ایک سال کا انتظار رہے گا۔۔۔

اس رمضان کے اختتام پر کچھ اپنا احتساب بھی کر لیا جائے۔ تا کہ آئندہ آنے والے رمضان کو بہتر کیا جا سکے۔

کیا 
صرف صحری اور افطاری کا اہتمام ہوتا رہا یا تہجد اور قرآن کااہتمام بھی کیا؟

صرف بھوک پیاس میں دن گزرے یا نفس کو بھی بڑائی سے پاک رکھا؟

صرف  نیک اعمال میں اضافہ ہوا یا سابقہ گناہوں کی بخشش بھی کروائی؟

صرف سو کر دن گزارا یا سوئے ہوئے ضمیر کو بھی بیدار کیا؟
عید کی خریداری میں ساری جمع پونجی لگا دی یا کسی غریب کی بھوک مٹانے کا اہتمام بھی کیا؟

سارا دن بھوکا، پیاسا رہ کر ان لوگوں کا احساس ہوا جو سارا سال ہی حالات روزہ میں میں رہتے ہیں؟ 

رمضان کو الوداع کرتے ہیں تو اللّہ تعالیٰ اپنے بندوں کو اس مہمان خصوصی کے اکرام پر ڈھیروں ڈھیر خوشیاں عطا کرتا ہے۔۔۔ عید کا تہوار مسلمانوں کے لیے  خدا کی طرف سے خاص تحفہ ہے۔۔۔  اور صاحبِ استطاعت لوگوں کی جانب سے مستحقین کے لیے عیدی کا انتظام بھی کیا گیا، یعنی کہ فطرانہ، جو کہ نماز عید سے پہلے ادا کرنے کاحکم ہے۔۔۔ سبحان اللہ خدا کا ہر حکم حکمتِ عملی سے بھر پور ہے۔۔۔

اب کچھ ذکر عید کی خوشیوں کا بھی ہو جائے، رنگ برنگے  نئے اور خوبصورت ملبوسات پہننا، مہمانوں کے لیے انواع و اقسام کے لوازمات سے دسترخوان سجانا،  دلوں کی رنجشیں مٹا کر ایک دوسرے کو معاف کر دینا، تعلقات بحال کرنا، ناراضگیاں ختم کرنا۔۔۔ کتنے اچھی روایات ہیں نا۔۔۔ 

                            یہاں بھی ان لوگوں پر ضرور نگاہ رکھیے  جو یہ سب کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، اپنی حیثیت کے مطابق ان کے ساتھ تعاون کریں، تا کہ سب کی عید میں خوشیوں کے رنگ ہوں۔۔۔ کیوں کہ دوسروں کے لیے جینا ہی اصل  مقصد  اور حققیقی خوشی ہے۔۔۔  
الوداع ماہِ رمضان۔
الوداع ماہِ رمضان۔

No comments:

Post a Comment